اداکارہ صوفیہ مرزا کے خلاف سابق شوہر عمر فاروق نے ایف آئی اے کو درخواست دیدی

کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ و میزبان صوفیہ مرزا کے شوہر کا کہنا ہے کہ وہ ان کے خلاف سوشل میڈیا اور الیکڑونک میڈیا پر کمپین چلا رہی ہیں۔ایکسپریس نیوز کے مطابق اداکارہ صوفیہ مرزا کے خلاف سابق شوہر عمر فاروق نے ایف آئی اے کو درخواست دیدی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ صوفیہ مرزا نے ان کے اوپر منی لانڈرنگ کے الزامات عائد کئے ہیں جبکہ وہ سوشل میڈیا اور الیکڑونک میڈیا پر ان کے خلاف کمپین بھی چلا رہی ہیں۔
عمر فاروق نے ایف آئی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ صوفیہ مرزا جن اکاؤنٹس اور سوشل میڈیا پیجز سے کمپین چلا رہی ہے انہیں بلاک کیا جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
یاد رہے کہ اداکارہ اور ان کے سابق شوہر کے درمیان دو بیٹیوں کی حوالگی کا تنازع چل رہا ہے، اداکارہ کی جانب سے ان کے سابق شوہر پر فراڈ اور منی لانڈرنگ کے الزامات لگائے گئے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کیلئے انٹرپول سے بھی جھوٹ بولاجا چکا ہے، جبکہ تین ممالک کی عدالتوں نے عمر فاروق ظہور کو الزامات ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا تھا۔