خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا، آرمی چیف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے فوجی افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے ملک و قوم کیلئے شہداء کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قوم کے فرض شناس بیٹے بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کاموں میں مصروف تھے، شہداء نے اپنے فرض کی ادائیگی اور قوم کی خدمت کیلئے انتہائی جانفشانی، محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
انہوں نے کہا کہ بے لوث خدمت کے جذبے سے سرشار یہ سپوت قوم کے محسن ہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران خراب موسم کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہوئی جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا، ہیلی کاپٹر کا ملبہ حاصل کرلیا گیا ہے اور تمام فوجی افسران و جوان جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔
صدر مملکت نے گفتگو میں شہداء کے جنازے میں بنفسِ نفیس شرکت کرنے اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرنے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے گفتگو میں اپنے دورہ گوادر کے دوران کور کمانڈر لیفٹنٹ جنرل سرفراز علی سے ملاقات اور بریفنگ کا بھی ذکر کیا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بریفنگ کے دوران میں نے کورکمانڈر لیفٹنٹ جنرل سرفراز علی کو انتہائی قابل، ذہین اور فرض شناس افسر پایا۔