اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر جویریہ خان نے کھلاڑیوں کی ذاتی زندگیوں پر بات کرنے والوں کا آڑے ہاتھوں لے لیا ہے . پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم اِن دنوں تنظیم نو کے مرحلے سے گزر رہی ہے جس میں طوبیٰ حسن جیسی باصلاحیت کھلاڑیوں کو مستقبل کے لیے مضبوط بنیاد قرار دیا جارہا ہے .
تاہم اگر ویمنز ٹیم کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا پائے تو ناقدین انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں جبکہ پاکستان ویمنز ٹیم کو حال ہی میں کامن ویلتھ گیمز کے مقابلوں میں آسٹریلیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے .
شکست کے بعد پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر جویریہ خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے .
To whom it may concern ! pic.twitter.com/91FXD70dFP
— Javeria Khan (@ImJaveria) August 4, 2022
جویریہ خان لکھتی ہیں ’جو لوگ پاکستان میں ویمنز کرکٹ کو فولو نہیں کرتے، وہی لوگ ٹیم کی کم کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کھلاڑیوں کو گالیاں دینا اپنا ناقابل تلافی حق سمجھتے ہیں‘ . انہوں نے کہا کہ ٹیم کے انتخاب، شاٹس کی درستگی، کھیلنے کی تکنیک یا کھیل کے دوران استعمال کی جانے والی حکمت عملی پر سوال اٹھانا خوش آئند ہے .
جویریہ لکھتی ہیں ’غلطیوں کی درستگی کے لیے کی جانے والی تنقید ہمیشہ خوش آئند اور صحت مند ہوتی ہے، چاہے وہ مردوں کی کرکٹ کے لیے ہو یا پھر خواتین کی کرکٹ کے لیے‘ . انہوں نے مزید لکھا کہ گھٹیا تبصرے کرنا اور کھلاڑیوں کی نجی زندگیوں پر حملہ کرنا، دونوں ہی اشتعال انگیزی اور غیر ضروری باتوں میں آتا ہے .
آل راؤنڈر کہتی ہیں کہ کسی بھی شخص کو کچھ کہنے یا ناکامی کا لیبل لگانے سے پہلے اپنے جوتوں میں جھانک کر دیکھنا چاہیے . واضح رہے کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو حال ہی میں اچھی خبر ملی ہے، پی سی بی نے ملک کی نمائندگی کرنے والی کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافہ کیا ہے جس کا مقصد مزید ٹیلنٹ کو قومی ٹیم سے کھیلنے کے لیے راغب کرنا ہے .