پوری قوم اپنے ایتھلیٹس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، وزیر اعظم
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم اپنے ایتھلیٹس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔تفصیلات کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ایتھلیٹس کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کھلاڑیوں میں انعامی چیک تقسیم کیے۔
‘کامن ویلتھ گیمز میں کھلاڑیوں نے پاکستان کا نام روشن کیا’
اس موقعے پر وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے اپنی محنت سے ستاروں پر کمند ڈالی، کامن ویلتھ گیمز میں کھلاڑیوں نے پاکستان کا نام روشن کیا۔
‘ملک کا نام روشن کرنے والوں پر قوم کو فخر ہے’
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی ایتھلیٹس نے شاندار کارکردگی دکھائی، ملک کا نام روشن کرنے والوں پر قوم کو فخر ہے۔
‘پوری قوم اپنے ایتھلیٹس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے’
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنے ایتھلیٹس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، اسپورٹس بورڈ کے حکام کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے ہمارے ایتھلیٹس اسی جذبے سے آگے بڑھیں گے، یہ کھلاڑیوں کے والدین کی دعائوں کا نتیجہ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب سے بہت سارے لوگ متاثر ہوئے ہیں، متاثرین کے مسائل کے حل کیلئے وسائل تلاش کریں گے، جو لوگ جاں بحق ہوئے ہیں اللہ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے جاں بحق افراد کے لواحقین کو صبر کی توفیق دے۔