پاکستان میں سیلاب: برطانوی صحافی کو بالی ووڈ انڈسٹری کی خاموشی پر افسوس

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برطانوی نشریاتی ادارے کے صحافی ہارون رشید نے پاکستان میں مون سون بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں پر بالی ووڈ انڈسٹری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔پاکستان میں مون سون بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے اب تک 1 ہزار سے زائد لوگ جاں بحق جبکہ 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔پاکستانی حکومت اور سیلاب زدگان کے لیے دنیا بھر سے مشہور شخصیات تعاون کر رہی ہیں۔
پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت کی مقبول ترین فلم انڈسٹری کی کسی بھی نامور شخصیت کی جانب سے تعاون تو بہت دور کی بات ہے، اب تک افسوس کا اظہار بھی نہیں کیا گیا ہے۔اس حوالے سے برطانوی نشریاتی ادارے کے صحافی ہارون رشید نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی فنکاروں کے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے اس غیر اخلاقی روّیے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔


اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ میرا خیال تھا کہ انسانیت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی لیکن یہاں تو شاید ہی کسی بالی ووڈ اسٹار نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بارے میں افسوس کا اظہار کیا ہو۔
اُنہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سب فنکار اس بات سے باخوبی واقف ہیں کہ وہ کتنے مشہور ہیں اور متاثرین کے لیے ان کے آواز اُٹھانے سے کتنا فرق پڑے گا۔