شاداب خان، فخر زمان کی حمایت میں بول پڑے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان، فخر زمان کی حمایت میں بول پڑے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں شاداب خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں اچھے برے دن آتے ہیں، کبھی آپ کا دن ہوتا ہے اور کبھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بطور ٹیم ہم پوری کوشش کرتے ہیں، کل فخر زمان کا دن نہیں تھا، آگے وہ میچ ونر ہوگا، یہی کرکٹ ہے۔
Cricket mai achay buray din aatay hein. Kabhi aap ka din hota hai kabhi nahi. As a team ham sab apni puri koshish kerte hein. @FakharZamanLive ka kal din nahi tha, agay woh match winner ho ga. Yeh hi hai cricket. Ham jeetay gein as a team, haare ge as a team.
— Shadab Khan (@76Shadabkhan) September 5, 2022
شاداب خان کا کہنا ہے کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر جیتتے ہیں اور ٹیم کے طور پر ہی ہارتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے میچ میں فخر زمان کی کارکردگی پر سوشل میڈیا پر لوگوں نے طنز کے تیر برسا دیے، کیچز چھوڑنے پر اور رنز نہ بنانے پر ان کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
سوشل میڈیا پر کسی نے کہا لگتا ہے فخر بھی بھارت کی طرف سے کھیل رہے تھے، کسی نے کہا بھائی تھوڑا بلا آپ بھی چلا لیتے تو میچ ذرا آسان ہو جاتا۔واضح رہے کہ ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دی۔
پاکستان نے بھارت کا 182 رنز کا ہدف محمد رضوان اور محمد نواز کی شاندار اننگز کی بدولت آخری اوور میں پورا کیا، رضوان نے 71 اور نواز نے 20 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی۔