ڈالر کی اونچی اڑان جاری

کراچی (قدرت روزنامہ)انٹر بینک میں ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے اور ایک امریکی ڈالر 229 روپے 82 پیسے کا ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستانی روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ جاری رہا تاہم دن کے اختتام پر امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
انٹر بینک میں ڈالر 1.64 روپے مہنگا ہوا جس سے ایک امریکی ڈالر 229 روپے 82 پیسے پر بند ہوا جب کہ گزشتہ روز ڈالر 228 روپے 18 پیسے پر بند ہوا تھا۔


اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1.50 روپے مہنگا ہوا، اضافے سے ڈالر 236 روپے پرپہنچ گیا جب کہ جمعہ کے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر 234 روپے 50 پیسے پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب سابق وزیر توانائی حماد اظہر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ انٹربینک روپے کی شرح آج ڈالر کے مقابلے میں مزید 1.50 روپے تک گر گئی ہے، نئی شرح اب 229.75 ہے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ہمارے بین الاقوامی بانڈز اپنی قیمت سے آدھی پر بِک رہے ہیں، اسٹیٹ بینک درآمدی L/C کے حل کے لیے ڈالر جاری کرنے میں تاخیر کر رہا ہے، معیشت میں بےیقینی اپنے عروج پر ہے اور حکومت دہی کھا رہی ہے۔