دبئی اور ابوظہبی دنیا کے امیر ترین شہروں میں شامل

ابوظہبی(قدرت روزنامہ) دبئی اور ابوظہبی دنیا کے امیر ترین شہروں میں شامل ہوگئے جہاں سب سے زیادہ کروڑ پتی رہائش پذیر ہیں جب کہ شارجہ کا شمار دنیا بھر میں تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں ہونے لگا، جہاں رہنے والے کروڑ پتیوں میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق دنیا بھر میں نجی دولت اور سرمایہ کاری کی نقل مکانی کے رجحانات کو ٹریک کرنے والی ’ہینلے گلوبل سٹیزنز‘ کی تازہ ترین رپورٹ میں ایسے شہروں کی فہرست شائع کی ہے جہاں سب سے زیادہ رہائشی کروڑ پتی یا زیادہ مالیت والے افراد ہیں جن کی دولت 1 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔
رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ دنیا بھر میں نیویارک شہر میں مقیم 3 لاکھ 45 ہزار 600 کروڑ پتیوں کے ساتھ سرفہرست ہے لیکن ٹاپ 20 میں چھ امریکی شہروں میں سے صرف ایک ہے جب کہ دبئی اور ابوظہبی مشرق وسطیٰ کے 5 امیر ترین شہروں میں سے دو ہیں۔
>> دبئی
مشرق وسطیٰ میں دبئی 67 ہزار 900 کروڑ پتیوں کی رہائش کے ساتھ درجہ بندی میں سرفہرست ہے اور گزشتہ سال سے یہاں ان افراد کی تعداد میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے، رواں برس جون تک 13 ارب پتیوں نے دبئی کو اپنا گھر بنایا، بین الاقوامی درجہ بندی میں دبئی 23 ویں نمبر پر ہے اور 2030ء تک اس کے سرفہرست 20 امیر ترین شہروں میں شامل ہونے کی امید ہے، اسرائیل کا شہر تل ابیب اس خطے کا دوسرا امیر ترین شہر ہے۔
>> ابوظہبی
ابوظہبی بھی خطے کے امیر ترین شہروں میں سے ایک ہے اور مشرق وسطیٰ میں تیسرے نمبر پر ہے, دوحہ اور ریاض خطے میں ٹاپ فائیو میں بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں, ابوظہبی 23ہزار800 کروڑ پتیوں کا گھر ہے، جہاں پچھلے سال سے کروڑ پتیوں کی تعداد میں 16 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
>> شارجہ
شارجہ دنیا کے 5 سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل ہے، جب بات رہائش کے لحاظ سے کروڑ پتیوں کی ہوتی ہے تو شارجہ میں گزشتہ سال کی نسبت یہاں کروڑ پتیوں کی رہائش گاہوں میں 20 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے، اسی شرح سے سعودی عرب میں ریاض میں بھی یہی رجحان دیکھا گیا اور یہ دونوں شہر سب سے تیزی سے بڑھ رہے ہیں، اس وقت شارجہ میں 3 ہزار 700 رہائشی کروڑ پتی ہیں۔
