پنجاب حکومت کا سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10،10 لاکھ روپے دینے کا اعلان

لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب حکومت نے سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10،10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ سیٹلائیٹ کی مدد سے سیلاب زدہ علاقوں کی تصاویر لی جا رہی ہیں،گھروں کی مرمت کیلئے 1 سے 2 لاکھ روپے دیئے جا رہے ہیں۔ میاں اسلم اقبال کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ جن کی فصلیں تباہی ہوئیں ہیں ان کو بھی معاوضہ دیا جا رہا ہے۔
ملک میں استحکام کی ضروت ہے اور سیاسی استحکام کے لیے نئے الیکشن ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت الزام لگاتی ہے کہ عمران خان سیلاب زدگان کا نہیں سوچتے لیکن جب عمران خان ٹیلی تھون کرتا ہے تو یہ لوگ مسائل پیدا کرتے ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو بلیک آؤٹ کرنے والے خود بلیک آؤٹ ہونے جا رہے ہیں۔
لوگ عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں اور اس لیے ان کو عطیات دیتے ہیں۔

سیلاب زدگان نیب زدگان پر اعتماد نہیں کرتے اور عمران خان کو بلیک آوٹ کرنے والے سیاست سے فارغ ہونے والے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے اور بجلی کی قیمتوں میں بے شمار اضافہ کیا۔حکمرانوں نے نیب میں اپنے کیسز صاف کیے ہیں لیکن اب احتساب کا عمل دوبارہ ہو گا۔ ادھر ورلڈ ویدر آٹریبیوشن گروپ میں کلائمیٹ ماہرین کی بین الاقوامی ٹیم نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متعلق رپورٹ جاری کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کلائمیٹ ماہرین کی بین الاقوامی ٹیم کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تغیر نے سندھ اور بلوچستان کیلئے 5 روزہ مجموعی بارش کو 50 فیصد تک بڑھایا،موجودہ موسمی حالات میں کسی بھی سال اس طرح کے واقعات ہونے کا ایک فیصد امکان تھا،پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں میں انسانی سرگرمیوں کا کردار خارج از امکان نہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ شدید متاثرہ علاقوں میں حالیہ دہائیوں میں 75 فیصد تک زیادہ بارشیں ہوئیں،سندھ اور بلوچستان میں ریکارڈ سطح کی بارشوں کی ممکنہ وجہ انسانی سرگرمیاں ہیں،انسان کے پیدا کردہ گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کے بغیر ایسے واقعات کا امکان کم ہے۔