بیٹے نے کونسی نئی پہچان دی؟ جیکی شروف نے بتادیا
ممبئی(قدرت روزنامہ)نامور بھارتی اداکار جیکی شروف کو ان کے بیٹے نے نئی پہنچان دلادی، جس کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران بھی کیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جیکی شروف نے اپنے حالیہ انٹرویو کے دوران بیٹے کی پہلی ہی فلم کی کامیابی کے بعد کی صورتحال پر دلچسپ تبصرہ کیا۔
ٹائیگر شروف نے 2014ء میں فلم ہیرو پنتی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اس فلم میں کیرتی سینن نے ہیروئن کا کردار نبھایا تھا۔ انٹرویو کے دوران جیکی شروف کا کہنا تھا کہ ٹائیگر کے فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کے ساتھ ہی انہیں نئی شناخت مل گئی تھی اور لوگ انہیں ٹائیگر کے والد کے نام سے پکارنے لگے تھے۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ بیٹے کی کونسی فلم انہیں پسند ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ بلاشبہ ٹائیگر کی پہلی ہی فلم پسند آگئی۔ انہوں نے بتایا کہ جب پہلی بار بیٹے کو پردے پر دیکھا، مجھے اتنی امید نہیں تھی، لیکن پھر بھی میں دیکھنے کے لیے گیا اور اسے دیکھ کر متاثر ہوگیا۔ جیکی نے کہا کہ میں نے اپنے بیٹے سے کہا کہ ’بیٹا جو بھی تم نے کیا ہے مجھے پسند آیا۔‘ یہ وہ چیزیں تھیں جو میں نے بہت مشکل سے کی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب فلم کے سین میں پرکاش راج جیسا نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکار آپ پر چیخے اور سامنے آپ کے ڈائیلاگ بھی نہ ہوں، وہ صرف پرکاش کو سن رہا تھا اور سانس لے رہا تھا، اس خاموشی کے ساتھ ایک نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکار کے سامنے اداکاری کرنا بہت ہی مشکل کام ہے۔ جیکی شروف کا کہنا تھا کہ وہ اچھا ڈانس کرتا ہے، اچھی فائٹ کرتا ہے، اس کے بعد تمام بچے اور ان کی مائیں یہ کہتی ہیں کہ ’دیکھو یہ ٹائیگر شروف کے والد ہیں‘، تو اس نے مجھے ایک پہچان بھی دیدی۔