حکومت نے ایران اور روس سے فوری طور پر تیل اور گیس درآمد کرنے سے ہاتھ کھڑے کردیے
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) حکومت نے ایران اور روس سے فوری طورپر تیل اور گیس درآمد کرنے سے ہاتھ کھڑے کردیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق حکومت نے قومی اسمبلی کو صاف جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور روس سے پیٹرولیم مصنوعات فوری درآمد نہیں کرسکتے۔
قومی اسمبلی میں ایران اور روس سے تیل و گیس کی درآمد کا سوال مسلم لیگ ن کے رکن شیخ فیاض الدین نے پوچھا تھا۔
وزارت پیٹرولیم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایران پر عالمی پابندیوں کی وجہ سے خام تیل یا گیس درآمد کرنے کی کوشش پاکستان کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔وزارت پیٹرولیم نے کہا کہ روس یوکرائن جنگ کی وجہ سے روس سے تیل کی درآمد سے کچھ مسائل ہیں، روس سے تیل کی درآمد کی کوشش کی گئی۔
‘قطر سے تیل کی درآمد کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا’
انہوں نے کہا کہ روسی تیل فی الوقت زیادہ بھاری ہونے کی وجہ سے پاکستانی ریفائنریز میں صاف ہونا بھی مشکل ہے، پاکستانی ریفائنریز میں ہلکا تیل صاف ہوسکتا ہے۔وزارت پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان نے ان ممالک سے تیل اور گیس درآمد کی تو پاکستان کے لئے سنگین مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
وزارت پیٹرولیم نے مزید کہا کہ حکومت ایران سے پابندیاں ختم ہونے کے بعد قدرتی گیس لینے کا ارادہ رکھتی ہے، پاکستان ایران سے گیس پائپ لائن کے ذریعے گیس لینے کے وعدے پر قائم ہے، فی الحال قطر سے تیل کی درآمد کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔