اعظم سواتی کی ضمانت منظور

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عدالت نے سینیٹراعظم سواتی کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست منظورکرلی۔ تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج سنٹرل اسلام آباد میں سینیٹر اعظم سواتی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جج راجہ آصف محمود نے سینیٹر اعظم سواتی کی 10 لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظورکی۔
عدالت نے سینیٹراعظم سواتی کو پاسپورٹ جمع کرانی کی ہدایت کر دی۔گذشتہ سماعت میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے متنازع ٹویٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹراعظم سواتی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کو ایک روز کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا اور ان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی۔
پراسیکیوٹرنے دلائل دیے کہ اعظم سواتی کا موبائل فون برآمد کرنا ہے اس لئے جسمانی ریمانڈ میں توسیع دی جائے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک موبائل برآمد نہیں کیا جا سکا اور کتنا وقت چاہئے؟اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اعظم سواتی پر تشدد کیا جا رہا ہے، ان کے ہاتھ کی انگلی توڑ دی گئی ہے۔