پی ٹی آئی اپیل میں جائے سڑکوں پر فساد نہ کرے، رانا ثناء اللہ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے تحریک انصاف کی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سڑکوں پر فساد کرنے کے بجائے الیکشن کمیشن کے عمران خان کی نااہلی کیخلاف فیصلے کے خلاف عدالت میں اپیل کریں۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا الیکشن کمیشن ممبران کو چور پکڑنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چور چور کا شور مچانے والا چور آج پکڑا گیا، الیکشن کمیشن نے اسے پکڑ لیا ہے، الیکشن کمیشن سے اظہار یکجہتی کیلئے لیگی کارکن اپنے اپنے شہروں میں باہر نکلیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے عمران خان کی نااہلی کے فیصلے پر پولیس اہلکار کی جانب سے فائرنگ کے واقعے سے متعلق کہا کہ پنجاب اور کے پی کے سیکورٹی ادارے اور پولیس چور کی بجائے ریاست کا ساتھ دیں۔ن لیگی رہنما نے تحریک انصاف کے کارکنوں اور قیادت کو مشورہ دیا کہ وہ سڑکوں پر فساد کرنے کے بجائے فیصلے کے خلاف عدالت میں اپیل کریں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے فتنے نے قوم کو تقسیم کیا، پنجاب میں ان کی حکومت کے سبب مختلف شہروں میں 30, 30, چالیس چالیس لوگ احتجاج کیلئے نکلے۔انہوں نے کہا کہ توشہ خانے کے تحفے بیچ کر عمران خان اتنے پیسے کمائے جو اس نے ساری عمر نہیں کمائے تھے، ابھی پنکی پیرنی، فرح گوگی اور القادر ٹرسٹ کے اربوں روپے کے کیسز بھی سامنے آنے ہیں۔