رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کو انتباہ جاری، غیر جسٹرڈ اداروں کے طلباء کے فارمز جمع نہ کروائیں، پروفیسر رفیعہ ملاح


کراچی (قدرت روزنامہ)ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویث انسٹیٹوشنز سندھ کی ایڈیشنل ڈائریکٹر و رجسٹرار پروفیسر رفیعہ ملاح نے ایک گشتی مراسلہ جاری کیا ہے۔پروفیسر رفیعہ ملاح نے گشتی مراسلے میں انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی رجسٹرڈ اسکول و کالج غیر رجسٹرڈ اسکول و کالجز کے طلباء کے انرولمنٹ و امتحانی فارم اپنی طرف سے جمع نہ کرائے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق یہ بات بڑی تشویش کے ساتھ نوٹ کی گئی ہے کہ بعض رجسٹرڈ اسکولوں کی انتظامیہ غیر رجسٹرڈ اسکولوں کے طلباء و طالبات کے انرولمنٹ ، رجسٹریشن اور امتحانی فارم ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میں جمع کرا کے غیر قانونی کام کرتے ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈز کی انتظامیہ ان اسکولوں کے نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں کے امتحانی فارم جمع کرتے وقت ان کی حاضری و رجسٹرڈ کو جانچ لیا کریں تاکہ کوئی اسکول دوسرے کے فارم جمع نہ کرا سکے۔

ڈائریکٹوریٹ سے غیر الحاق شدہ اسکول جو بغیر کسی قانونی حیثیت کے کام کر رہے ہیں ان کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے۔مراسلے کے مطالق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اور بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن، مبں غیر رجسٹرڈ اسکولوں کے فارمز کو اپنا ظاہر کرنا قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ جس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مراسلے میں پرنسپلز ، ایڈمنسٹریٹر ، اسکولوں کے مالکان کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر غیر رجسٹرڈ اسکولوں کے طلباء کے فارم ثانوی بورڈ اور اعلی ثانوی بورڈ، میں جمع کرائے گئے تو اس صورت میں غفلت اور خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایکٹ کی شق 8 کے تحت اسکول کی رجسٹریشن کی منسوخی کی جائے گی۔واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ اسکول کو شکایت موصول ہوئی ہیں کہ بعص اسکول غیر رجسٹرڈ اسکولوں کے فارم اپنے اسکولوں کے نام پر جمع کراتے ہیں جبکہ بعض غیر رجسٹرڈ اسکول فارم لے لیتے ہیں اور آگے جمع ہی نہیں کراتے۔