سوناکشی سنہا نے فلم ’ڈبل XL‘ کیلئے 15 کلو وزن کیسے بڑھایا؟

ممبئی(قدرت روزنامہ)معروف بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نےانکشاف کیا ہے کہ فلم ’ڈبل XL‘ میں کام کرنے کے لیے اُنہیں 15 کلو وزن بڑھانا پڑا۔ سوناکشی سنہا نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنی آنے والی فلم ’ڈبل XL‘ کے لیے وزن بڑھانے کے تجربے کے بارے میں بات کی ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ’وزن بڑھانے کے دو طریقے ہیں، آپ صحت مند طریقے سے بھی وزن بڑھا سکتے ہیں اور غیر صحت مندانہ طریقے سے بھی ایسا کرسکتے ہیں‘
اُنہوں نے بتایا کہ’مجھے وزن بڑھانے میں دو مہینے لگے کیونکہ میں نے وقتی طور پر بہت ہی غیر صحت مندانہ طریقے سے اپنا وزن بڑھایا تھا‘۔اُنہوں نے مزید لکھا کہ’البتہ، وزن کم کرنے کے لیے میں نے صحت مند طریقے کو اپنایا اور وزن کم کرنے میں مجھے ایک سال سے زیادہ کا وقت لگا‘۔ سوناکشی سنہا نے بتایا کہ ’اب دوبارہ میرا وزن اتنا ہی ہوگیا ہے جتنا کہ پہلے تھا‘۔


اُنہوں نے غیر صحت مندانہ انداز سے وزن بڑھانے کے بارے میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ’اس وقت میرے پاس صحت مند طریقے سے وزن بڑھانے اور ایک ایک منظم طریقے پر عمل پیرا ہونے کا وقت نہیں تھا‘۔اُنہوں نے وزن بڑھانے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا کہ’میں نے وزن بڑھانے کے لیے وہ سب کچھ کھایا جو میں کسی کو کھانے کا ہرگز مشورہ نہیں دوں گی کیونکہ ایسا کرنے سے کوئی بھی انسان کچھ عرصے میں ہی خود کو بیمار محسوس کرتا ہے‘۔
اُنہوں نے بتایا کہ ’میں نے ورزش کرنا بھی چھوڑ دی تھی لیکن اب میں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ میں وزن کم کرنے کے لیے صحت مند طریقے ہی اپناؤں‘۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، سوناکشی سنہا اور ہما قریشی کی فلم’ڈبل XL‘ آج سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔