پی ٹی آئی مظاہرے میں جلائی گئی بائیک کے مالک کو نئی موٹرسائیکل کس نے دی؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد میں فیض آباد کے مقام پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران جلائی گئی بائیک کے مالک کو نئی موٹر سائیکل مل گئی . پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف اسلام آباد میں فیض آباد کے مقام پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے احتجاج کے دوران گھر کے واحد کفیل یتیم طالب علم کی موٹر سائیکل کو آگ لگا دی گئی تھی .


اسلام آباد پولیس کی جانب سے آن لائن رائیڈر اشتیاق کو نئی بائیک دے دی گئی ہے .


اسلام آباد پولیس نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اشتیاق کو نئی موٹر سائیکل کی چابی اور پیپر دیتے ہوئے تصویر شیئر کی ہے . اپنے پیغام میں اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اشتیاق کو نئی بائیک دے دی گئی ہے . ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد سہیل ظفر چٹھہ اور این جی او ہینڈز کے سی ای او فیصل جمیل نے نئی موٹر سائیکل اشتیاق کے حوالے کی .
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے پی ٹی آئی کے مظاہرے کے دوران یتیم نوجوان کی موٹر سائیکل جلنے پر نوجوان کی مدد کرنے کا اعلان کیا تھا . حنیف عباسی نےآن لائن بائیک رائیڈر اشتیاق کو موٹر سائیکل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اتوار کو دن 12 بجے اشتیاق کو اپنے گھر پر بلا کر موٹر سائیکل دیں گے .
اسلام آباد چیمبرز کے ممبر فیصل جمیل کی جانب سے بھی متاثرہ نوجوان کو نئی موٹر سائیکل کے لیے چیک دیے جانے کی خبر سامنے آئی تھی . اس کے علاوہ سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے بھی اشتیاق کی مدد کرنے کا کہا تھا .
یاد رہے کہ آن لائن رائیڈر اشتیاق کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد کی وفات کے بعد گھر کا واحد کفیل ہے اور بائیک چلا کر گزر بسر کر رہا تھا . متاثرہ رائیڈر نے کہا تھا کہ 8 بہن بھائیوں پر مشتمل خاندان کی میں اور 1 بھائی آن لائن بائیک چلا کر کفالت کر رہے ہیں، میں نویں جماعت کا طالب علم ہوں، اپنی تعلیم کا خرچ بھی بائیک سے پورا کرتا تھا .

. .

متعلقہ خبریں