تبلیغی اجتماع کے شرکا کی واپسی کے باعث PTI کا احتجاج 1 دن کیلئے مؤخر

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی واپسی کی وجہ سے اپنا احتجاج مؤخر کر دیا۔اس حوالے سے پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی واپسی کی وجہ سے احتجاج ایک دن کے لیے مؤخر کر دیا ہے۔
دوسری جانب رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ ختم ہو گیا ہے، جس کے ساتھ ہی شرکاء کی واپسی شروع ہو گئی ہے۔مولانا ابراہیم نے اجتماع کے پہلے مرحلے کے اختتام پر امت مسلمہ اور ملکی سالمیت کے لیے خصوصی دعا کرائی۔
رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ جمعرات کو بعد نمازِ عصر شروع ہوا تھا جس میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور دیگر ممالک سے مندوبین نے شرکت کی تھی۔شرکاء کو واک تھرو گیٹ کے ذریعے گزارا گیا جبکہ بیرونی ممالک سے آنے والے مندوبین کے لیے علیحدہ انتظامات کیے گئے تھے۔اجتماع کے اندر اور باہر سیف سٹی کے کیمروں کے علاوہ ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے جبکہ مرکزی کنٹرول روم اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ کے آفس میں بنایا گیا تھا۔