آج سندھ بھر میں طبی سروسز کے بائیکاٹ کا اعلان، پریس کلب میں دھرنا، جی ایچ اے
کراچی (قدرت روزنامہ)’گرینڈ ہیلتھ الائنس اور محکمہ صحت سندھ کے مابین مزاکرات تاحال نہ ہوسکے،تفصیلات کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس اور محکمہ صحت سندھ کے مابین مزاکرات تاحال التواء کا شکار ہیں جس کے باعث گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے آج سندھ بھر میں طبی و غیر طبی عملے کی تمام سروسز کا بائیکاٹ کردیا گیا اس وجہ سے ہزاروں مریض اسپتال سے گھروں کو لوٹنے پر مجبور ہوگئے۔ سندھ بھر میں نہ صرف متعدد آپریشن ملتوی ہوگئے بلکہ اسپتالوں میں بھی تمام سروسز کا بائیکاٹ رہا۔ تاہم صرف شعبہ ایمرجنسی فعال رہا۔
اس حوالے سے چیئر مین جی ایچ اے ڈاکٹر محبوب نے کہا کہ محکمہ صحت سندھ ہمارے مطالبات کو مسلسل نظر انداز کر رہا ہے ، لہزا ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم ایمرجنسی سروس بھی بند کردیں۔ڈاکٹر محبوب نے مزید کہا کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مطالبات پورے نہ کئے جانے کی صورت میں طبی و غیر طبی عملے کا دھرنا پریس کلب سے ریڈ زون میں داخل ہوگا ۔
واضح رہے کہ جی ایچ اے نے وزیر صحت سندھ سے استعفی کا مطالبہ کیا ہے اور اس وقت جی ایچ اے اور محکمہ صحت کی بے حسی کے سبب ہزاروں مریض در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔