عمران بچاؤ تحریک اب اقتدار پر بٹھاؤ تحریک بن چکی ہے، شیری رحمٰن

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ عمران بچاؤ تحریک اب اقتدار پر بٹھاؤ تحریک بن چکی ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر سلسلہ وار بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے مظاہروں کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ پر تشدد مظاہروں اور شارٹ کٹ مارچ کے دوبارہ آغاز کے پیچھے مذموم مقاصد ہیں، یہ عوامی اور جمہوری بالادستی کی نہیں عمرانی بالادستی کی مہم ہے۔


شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ پر تشدد مظاہروں کی صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت تعلیمی ادراوں کی تعطیل کا اعلان کر رہی ہے، افسوس کی بات ہے کورونا وبا کے بعد تعلیمی ادارے اب تحریک انصاف کے سیاسی انتشار کی وجہ سے بند ہو رہے ہیں، یہ مظاہرہ نہیں محاصرہ ہے جس سے ہر کاروباری زندگی متاثر ہو رہی ہے۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ الزام تراشی کی بنیاد پر بیانیہ بنا کر سیاست کی ہے، اب تو غیر ملکی صحافی بھی ان سے ثبوت کا پوچھتے ہیں جس کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ لوگ جن پر الزامات لگاتے ہیں ان سے خفیہ ملاقاتوں کا اعتراف بھی کرتے ہیں، یہ دوہرہ معیار اور منافقت نہیں تو کیا ہے؟