سوشل میڈیا پر مریم نواز کی بیٹی کی شادی کی تصاویر لگا کر پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے ، مریم اورنگزیب نے وضاحت کردی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر پر وضاحت دی کہ یہ تصاویر مریم نواز کی بیٹی کی شادی کی ہیں ، ان کے ذریعے پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے ۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ مریم نواز اپنے بیٹے کی نکاح کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکتیں ، بڑے بڑے ذمہ دار لوگ ان کی بیٹی کی شادی کی تصاویر لگا رہے ہیں ، ان تصاویر میں کلثوم نواز بھی موجود ہیں ۔واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ان تصاویر کی بنیاد پر نجی ٹی وی جیو نیوز نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ جنید صفدر کی شادی کی تصاویر ہیں تاہم کچھ ہی دیر بعد حقیقت سامنے آئی تو چینل کی طرف سے وضاحت کردی گئی۔ اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے بھی ٹوئٹر پر ان تصاویر کو جنید صفدر کی شادی کی تصاویر قرار دے کر شیئر کیا ہے۔
جنید صفدر کی شادی احتساب بیورو کے سابق سربراہ سیف الرحمان کی صاحبزادی عائشہ سیف خان سے لندن کے مہنگے ترین ہوٹل میں ہوگی۔ بیٹے کی شادی میں مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں نام ہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہو پائیں گے۔