سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں پہلی بار تھیم بیسڈ چلڈرن ویک منعقد کرنے کا فیصلہ

کراچی (قدرت روزنامہ)عالمی یوم اطفال کے موقع پر سندھ کے تعلیمی اداروں میں پہلی بار 14 تا 19 نومبر تھیم بیسڈ چلڈرن ویک منایا جائے گا۔ ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ نے عالمی یوم اطفال کے موقع پر وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر سندھ کی تاریخ میں پہلی بار صوبے کے تمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں 14 تا 19 نومبر تھیم بیسڈ چلڈرن ویک منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
اس سلسلے میں چار روزہ مرکزی پروگرامز پیر 14 نومبر سے جمعرات 17 نومبر سندھ بوائے اسکاؤٹ ایسوسی ایشن کے صوبائی ہیڈکوارٹرز کراچی کے آڈیٹوریم میں صبح 10:30 سے 12:30 بجے تک ،آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد کیے جائیں گے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ پروفیسر رفیعہ ملاح اور آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدرعلی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے کسی صوبے کی سطح پر پورا ایک ہفتہ بچوں کے حساس اور سنگین مسائل کے حل کی ٹھوس عملی سرگرمیوں اور شعور بیداری کی مہم کے حوالے سے منایا جا رہا ہے۔ ان چار دنوں میں روزانہ ایک موضوع/ تھیم بیسڈ آگہی مہم اور بچوں، اساتذہ اور والدین کے لئے مختلف دلچسپ سرگرمیاں ہوں گی۔
پیر 14 نومبر کو افتتاحی پروگرام میں بچوں کو بلنگ Bullying ہراسمنٹ اور جسمانی سزا کے خلاف گفتگو اور سرگرمیاں ہوں گی جبکہ منگل 15 نومبر کو بچوں میں ڈرگز اور دیگر عادتوں کے بڑھتے ہوئے رجحان، نقصانات اور سدباب پر مکالمہ اور سرگرمیاں ہوں گی۔
بدھ 16 نومبر کو والدین اور اسکولز کے درمیان مضبوط عملی تعلق کے حوالے سے بات چیت اور سرگرمیاں منعقد کی جائیں گیجبکہ جمعرات 17 نومبرکو بذریعہ تعلیم بچوں کو یونیورسل سیٹیزن شپ کے لیے تیار کرنے کے حوالے سے بحث و مباحثہ اور سرگرمیاں کی جائیں گی۔ 19 نومبر بروز ہفتہ صبح 9 بجے سے سہ پہر تین بجے تک پی اے ایف میوزیم میں 15 ہزار بچوں کا گرینڈ کارنیول منعقد کیا جائے گا جس میں بچوں کے لیے بہت ساری دلچسپ اور تفریحی سرگرمیاں ہوں گی۔