کراچی: تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران فائرنگ، مختیار کار جاں بحق
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والا مختیار کار اعجاز چانڈیو دم توڑ گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن روزی گوٹھ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ کی گئی۔اینٹی انکروچمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے مختیار کار اعجاز چانڈیو زخمی ہوا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ فائرنگ سے ضلعی تپے دار سمیت 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔
اینٹی انکروچمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ پتھر لگنے سے 3 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ضلع غربی نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کے لیے خط لکھا تھا۔
حکام نے بتایا کہ جیسے ہی عملے نے کام شروع کیا تو فائرنگ شروع ہوگئی۔پولیس کے مطابق زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔فائرنگ کی جگہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی۔