دبئی کے خریدار کا بیان عمران کی کرپشن کا ثبوت ہے، حافظ حمد اللّٰہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ دبئی کے خریدار کا بیان ثبوت ہے کہ عمران نیازی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا مجرم ہے۔اسلام آباد سے جاری بیان میں حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کا مجرم ثابت ہونے پر حکومت عمران نیازی کو کنٹینر سے اتار کر جیل پہنچائے۔
حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ دبئی کے خریدار کے بیان کی روشنی میں توشہ خانہ کیس کا فیصلہ کیا جائے، ایک ثابت شدہ چور کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اورحساب لیا جائے۔ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں ثبوتوں کے انبار ہیں لیکن انصاف کے دو معیار نظر آرہے ہیں۔
حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ سرکاری” صادق اور امین“ مسلمہ جھوٹا ہونے کے بعد گھڑی چور بھی ثابت ہوچکا۔انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعوے کرنے والے چور کی اصلیت پوری دنیا کو معلوم ہوچکی۔حافظ حمد اللّٰہ نے مزید کہا کہ عمران نیازی نے اقتدار اور اختیار کو بیچا اور کرپشن فرنٹ مینوں کے ذریعے کی۔