بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ایک روز کے وقفے کے بعد آج منعقد ہوگا، اجلاس میں بلوچستان کے تمام اسکولوں کے سلیبس کو جنگی بنیادوں پر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر نے سمیت تین قراردادیں پیش کی جائیں گی، اجلاس میں محکمہ انرجی، صنعت و حرفت، پراسیکیوشن اور محکمہ معدنیات سے متعلق سوالات دریافت اور ان کے جوابات دیئے جائیں گے۔اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ایک روزہ وقفے کے بعد جمعرات کی سہ پہر 3 بجے قائم مقام اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل کی زیر صدارت منعقد ہوگا۔
اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی ثناء اللّٰہ بلوچ بلوچستان کے تمام اسکولوں کے سلیبس کو جنگی بنیادوں پر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر نے، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے نصر اللّٰہ خان زیرے ژوب ٹو کوئٹہ اور چمن ٹو کراچی شاہراہوں کو دو رویہ کرنے اور بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ بلوچستان کے تمام محکموں میں افسران و اہلکاروں کی ریٹائرمنٹ پر ان کی پنشن و دیگر تمام واجبات کا چیک اسی دن باعزت طریقے سے حوالے کرنے سے متعلق الگ الگ قراردادیں پیش کریں گے۔
اجلاس میں محکمہ انرجی، محکمہ صنعت و حرفت، محکمہ پراسیکیوشن اور محکمہ معدنیات سے متعلق سوالات دریافت اور ان کے جوابات دیئے جائیں گے۔