کراچی کیلئے الیکٹریکل وہیکلز کا پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں، شرجیل میمن


کراچی (قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کیلئے الیکٹریکل وہیکلز کا پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن ڑید لائن کے کاموں کا جائزہ لینے جناح اینیو پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 22 کلومیٹر کا یہ پروجیکٹ بی آر ٹی ریڈ لائن بس سروس کا کام تیزی سے چل رہا ہے۔
‘ہم بس سروس کے ساتھ سڑکوں پر بھی کام کررہے ہیں’
انہوں نے کہا کہ بلین روپے کے پروجیکٹ ٹرانسپورٹ کے پروجیکٹ پر کام کیا جارہا ہے، ہم بس سروس کے ساتھ سڑکوں پر بھی کام کر رہے ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کیلئے الیکٹریکل وہیکلز کا پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں، الیکٹریکل وہیکلز کو ٹیکسی سروس کے طور پر شروع کرینگے۔
انکا کہنا ہے کہ الیکٹرک ٹیکسی سروس سستی اور ماحول دوست ہوگی، نجی آن لائن ٹیکسی سروس شہریوں کو مہنگی پڑرہی ہے، کراچی کے بعد دیگر شہروں میں بھی الیکٹرک ٹیکسی سروس شروع کرینگے۔
‘کراچی میں ٹرانسپورٹ کے متعدد منصوبوں پر کام کررہے ہیں’
صوبائی وزیر نے کہا کہ ورلڈ بینک کے ساتھ یلولائن پروجیکٹ پر کام ہورہا ہے، یلولائن پروجیکٹ کے انفرا اسٹرکچر پر جلد کام شروع ہوجائے گا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے متعدد منصوبوں پر کام کررہے ہیں، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی پروجیکٹس کو دیکھ رہی ہے۔
‘ہم سستا ٹرانسپورٹ کا نظام لانے کیلئے کوشاں ہیں’
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے بات کر کے کے سی آر کو بھی سی پیک میں شامل کرادیا، عوام کا حق ہے کہ انہیں بہترین ٹرانسپورٹ ملے۔وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی ٹرانسپورٹ کی سہولت کیلئے اقدامات کررہی ہے، ہم سستا ٹرانسپورٹ کا نظام لانے کے لئے کوشاں ہیں۔
‘ہم تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کی ترقی کیلئے ملکر کام کررہی ہیں’
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت میں ایک ایسا پروجیکٹ شروع نہیں کیا، عمران خان کی استعفیٰ دینے کی بات عوام کو بے وقوف بنانے کے مترادف ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان کے اراکین اسمبلی اور دیگر ساتھی انکے ساتھ نہیں کھڑے ہیں۔ ہم تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کی ترقی کے لئے مل کر کام کر رہی ہیں۔