ترجمان صوبائی حکومت بلوچستان محترمہ فرح عظیم اور سیکرٹری اطلاعات حمزہ شفقات کا ڈی جی پی آر بلوچستان کا دورہ ‘ ڈی جی کامران اسد کی بریفنگ
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)ترجمان صوبائی حکومت بلوچستان محترمہ فرح عظیم اور سیکرٹری اطلاعات حمزہ شفقات نے پیر کے روز نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ کے دفاتر کا دورہ کیا اور محکمہ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا بعدازاں محکمہ کے سینئر افسران سے بھی انہوں نے خطاب کیا ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ کامران اسد نے معزز مہمانان کا استقبال کیا اور دفتر کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی افسران سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان صوبائی حکومت فرح عظیم شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں میڈیا اور حکومت کے درمیان خوش گوار تعلقات کے حوالے سے ہرممکن اقدامات کررہی ہے
اس حو الے سے محکمہ نظامت تعلقات عامہ کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ محکمہ کو ہر ممکن مالی و انتظامی معاونت فراہم کی جائے اور صحافیوں کو پیشہ ورانہ سرگرمیوں کیلئے ہر طرح کی سہولیات میسر آسکیں نیز صحافیوں کی فلاح و بہبود کو بھی اولیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے محکمہ کے افسران پر زور دیا کہ وہ صوبائی حکومت کے اپنے ایف ایم ریڈیوکے جلد از جلد قیام کو یقینی بنائیں کیونکہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں آج بھی اطلاعات و تفریح کا سب سے بڑاز ذریعہ ریڈیو ہے صوبائی حکومت اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے
انہوں نے محکمہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنے بھرپور کردار کی ادائیگی کا یقین دلایا اور کہا کہ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو ذاتی طور پر اس شعبے کی ترقی و ترویج میں دلچسپی لیتے ہیں انہوں نے نئے تعینات ہونے والے صوبائی سیکرٹری اطلاعات حمزہ شفقات کی صوبے میں تعیناتی کو خوش آئندہ قراردیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ تمام تر صلاحتیں اس شعبے کی بہتری اور اسے جدید بنانے پر صرف کریں گے اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات حمزہ شفقات نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اطلاعات کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ آج کے جدید دور میں اداروں کی کارکردگی ٹیم ورک میں پوشیدہ ہے اور ہم سب مل کر اس شعبے کی ترقی میں کردار ادا کریں گے اور وہ ہمیشہ ان امور میں افسران کی رہنمائی و معاونت کیلئے دستیاب ہوں گے انہوں نے اس امر پر بھی زور دیاکہ صوبائی حکومت اپنے ایف ایم ریڈیو اور ورلڈ بنک کی معاونت سے شروع ہونے والے ڈیجیٹل انفارمیشن سسٹم کے پراجیکٹ پر ہر صورت میں کام مکمل کرکے اس کا آغاز کیا جائے اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ حکام سے بات چیت کریں گے انہوں نے افسران کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ کامران اسد نے محکمہ کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی اور درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ محکمہ ایف ایم ریڈیو کے قیام کیلئے تیزی سے کام کررہا ہے جبکہ حکومت اور پریس کے درمیان خوشگوار تعلقات و حکومت کی کارکردگی کی وسیع پبلسٹی جاری ہے اور اسے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے انہوں نے بتایا کہ محکمہ میں ای فائلنگ سسٹم شروع کیا جارہا ہے جبکہ نیوز و اشتہارات کو پہلے سے ہی مکمل طور پر جدید سوشل میڈیا سے منسلک اور کمپیوٹرائزڈ کیا جاچکا ہے ترجمان صوبائی حکومت فرح عظیم شاہ اور سیکرٹری اطلاعات حمزہ شفقات نے محکمہ کی کارکردگی کو سراہا۔