ایک زمانے لوگ مجھ پر ہمدردی سمیٹنے کا الزام لگاتے تھے، شہناز گل
ممبئی(قدرت روزنامہ)معروف بھارتی اداکارہ، ماڈل اور گلوکارہ شہناز گل کا کہنا ہے کہ ایک ایسا وقت بھی ان کی زندگی میں گزرا ہے جب لوگ ان پر ہمدردی سمیٹنے کا الزام لگاتے تھے۔ یہ بات کرتے ہوئے ان کی آواز گلوگیر ہوگئی اور وہ آبدیدہ ہوگئیں۔اس حوالے سے انہوں نے کسی خاص واقعے کا تو ذکر نہیں کیا لیکن ماضی میں وہ اداکار سدھارتھ شکلا کی 2021 میں موت پر خود کو ٹرول کیے جانے کا ذکر کرچکی ہیں۔
شہناز نے یہ باتیں اداکار آیوشمان کھرانا کے ساتھ انٹرویو کے دوران کیں جو ان کے پروگرام ’دیسی وائبس ود شہناز گل‘ کی دوسری قسط میں بطور مہمان شریک تھے۔اس موقع پر دونوں نے اپنے اپنے متضاد نقطہ نظر کے مطابق عوامی سطح پر جذبات پیش کیے جانے پر گفتگو کی۔ شہناز گل نے کہا کہ لوگ کہتے تھے کہ میں ہمدردی لینے کی کوشش کرتی ہوں۔
آیوشمان کھرانا نے شہناز سے دوران گفتگو کہا کہ آپ کی خاص بات یہ ہے کہ لوگوں سے بہت زیادہ محبت حاصل کر رہی ہیں، جو کہ بہت اہم چیز ہے لیکن اس قسم کی معصومیت برقرار رکھنا ہماری دنیا میں بڑا مشکل ہوتا ہے، تاہم آپ نے یہ کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے بھی اس کی کوشش کی لیکن آپ کے برخلاف میں کھل کر اپنے دل کی بات نہیں کرسکا۔
شہناز نے کھرانا کو اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ ہم لوگوں کے فیصلے سے خائف رہتے ہیں، میرے خیال میں ہم اداکاروں کو اس قسم کا پریشر نہیں لینا چاہیے، کیونکہ ہماری بھی ایک زندگی اور جذبات ہیں ہم اپنے احساسات کو کیوں چھپائیں۔