خوفزدہ قوم کبھی مضبوط نہیں ہوسکتی، تیمور سلیم جھگڑا


خیبر پختون خوا(قدرت روزنامہ)وزیرِ خزانہ خیبر پختون خوا تیمور سلیم جھگڑا نے ملک کی موجودہ صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تیمور سلیم جھگڑا نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان تحریکِ انصاف کے پارلیمانی ممبران کے خلاف ایف آئی آر درج کیے جانے پر مذمت کی ہے۔
اُنہوں نے لکھا ہہے کہ پورا ملک 8 ماہ سے ایک ہنگامہ خیزی سے گزر رہا ہے، اس دوران ہم نے بہت کچھ سیکھا، جس میں سے ایک اہم سبق یہ ہے کہ جس قوم میں خوف پایا جاتا ہو وہ کبھی مضبوط قوم نہیں بنتی۔


خیبر پختون خوا کے وزیرِ خزانہ نے مزید لکھا ہے کہ ہمیں ابھی ٹکڑوں میں بٹنے کی بجائے اتفاق سے کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے سیاسی نظام کو مضبوط کرنا چاہیے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے لکھا ہے کہ پشاور کے علاقے ہشت نگری میں عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔


اُنہوں نے لکھا ہے کہ ہم میں سے بہت سے لوگوں نے ذمے دارانہ انداز میں احتجاج کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن جذبات کی شدت کے ساتھ کچھ لوگ آگے بڑھ گئے جنہوں نے وزیرِ اعلیٰ اور کور کمانڈر کی رہائش گاہوں کے سامنے احتجاج کیا۔


کے پی کے کے وزیر نے مزید لکھا ہے کہ بطور سیاستدان، ہم ہر وقت ذاتی حملوں اور الزامات کا نشانہ بنتے ہیں، ہم یہ سب کچھ برداشت کرتے ہیں۔
تیمور سلیم جھگڑا نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں ان تمام لوگوں کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کرنا چاہیے جنہوں نے یہ پُرامن احتجاج کیا جبکہ پورے ملک میں لوگوں کے جذبات بھڑک اٹھے تھے۔