اسمبلیاں توڑنے سے قبل تونسہ کو ضلع بنا دیں گے، عمران خان
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے سے قبل ہی تونسہ شریف کو ضلع کا درجہ دے دیا جائے گا۔عمران خان کی زیر صدارت ڈی جی خان کے ارکان اسمبلی کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں شرکاء کو پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے اعتماد میں لیا گیا۔
تونسہ شریف کو ضلع بنانے کے حوالے سے عثمان بزدار نے عمران خان کو بریفنگ دی۔عثمان بزدار نے کہا کہ تونسہ کو عرصے سے ضلع بنانے پر کام کر رہے ہیں لیکن ابھی تک ضلع کا درجہ نہیں دیا گیا۔اجلاس میں کسانوں کی معاشی صورتحال اور کھاد کے ریٹ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت نے تاجر برادری کے ساتھ کسانوں کے لیے بھی مشکلات کھڑی کردی ہیں، ہمارے دور میں کسانوں کے لیے کھاد میں سبسڈی دی جا رہی تھی، موجودہ حکومت نے کھاد کی قیمت 11 ہزار روپے کر کے زیادتی کی ہے، عالمی سطح پر کھاد کی قیمت 8 سے 9 ہزار روپے ہے۔
اجلاس میں عثمان بزدار، زر تاج گل، حنیف پتافی، ہاشم جواں بخت، سیف کھوسہ، محی الدین کھوسہ، خواجہ داؤد سلیمانی، علی عباس شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔