پنجاب
مارکیٹ میں ڈالر مل نہیں رہا، ملک ڈیفالٹ ہونے کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہوگا، ڈاکٹر یاسمین راشد
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ آج مارکیٹ میں ڈالر مل نہیں رہا، ایل سیز بھی نہیں کھول رہے، ملک ڈیفالٹ ہونے کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہوگا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسحاق ڈار ڈالر کی قیمت 150 روپے پر لانے چلے تھے، ان لوگوں نے اپنے سارے کیسز ختم کرا لیے، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق ختم کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج مہنگائی ہمارے دور سے کہیں زیادہ ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ آج چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اہم اعلان کرنا ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج ( ہفتہ ) پنجاب اور خیبر پختوانخواہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ اس سلسلہ میں لبرٹی چوک میں اجتماع منعقد کیا جائے گا۔