اسٹریٹ کرمنلز کیخلاف پولیس حرکت میں آ گئی: ڈی آئی جی ایسٹ


کراچی (قدرت روزنامہ)ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر کا کہنا ہے کہ کورنگی، ایسٹ اور ملیر ڈسٹرکٹس میں اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف پولیس حرکت میں آ گئی ہے۔نمائندہ ’جنگ‘ سے گفتگو کے دوران ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر نے بتایا ہے کہ کراچی کی ایسٹ زون پولیس نے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف تازہ ترین متعدد کارروائیاں انجام دی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کارروائیوں کے دوران 1 پولیس اہلکار شہید، ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ 2 ڈاکو مارے گئے۔ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کورنگی زمان ٹاؤن 51 سی ایریا میں مقابلے کے دوران پولیس اہلکار منظور شہید ہوا۔انہوں نے بتایا ہے کہ سائٹ سپر ہائی وے میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مقابلے میں ایس ایچ او میمن گوٹھ سمیت 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایس ایچ او میمن گوٹھ ادریس بنگش نے زخمی ہونے کے باوجود مقابلے میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر نے مزید بتایا ہے کہ گرفتار ملزم بھی جوابی فائرنگ سے زخمی ہوا ہے جبکہ دوسرے پولیس اہلکار کو بھی گولی لگی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بھی پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں 2 ڈاکو مارے گئے، جبکہ یہاں بھی 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔