سندھ

وزیرِاعلیٰ سندھ نے کراچی میں بے امنی کا اعتراف کرلیا


کراچی (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں امن و امان کی خراب صورتِ حال کا اعتراف کر لیا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ہاں شہر میں امن و امان کی خراب صورتِ حال کا مسئلہ ہے، میں نے طالب علمی کے دور میں دیکھا کوئی آتا اور کہتا کہ دکانیں بند کر دو تو دکانیں بند ہو جاتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو اب کوئی بند نہیں کروا سکتا، شہر میں بھتہ خوری ختم ہو گئی ہے جو اب کبھی نہیں ہو گی، اب بھتہ خوری کا زمانہ ختم ہو گیا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت کے ساتھ باقی اداروں نے بھی کام کرنا ہے، سیف سٹی پروجیکٹ کا تخمینہ زیادہ لگایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب سیلاب آیا تو ہم نے ریسکیو اور بحالی کا کام شروع کیا، صوبے کے 95 فیصد حصے سے پانی نکال دیا ہے، کچھ علاقوں میں مسئلہ ہے، اللّٰہ کی طرف سے یہ آزمائش آئی، دوبارہ بھی آ سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ ورلڈ بینک، صوبائی اور وفاقی حکومت بھی پیسے دے رہی ہے، ایک گھر کے لیے 3 لاکھ روپے دیں گے، ہم نے عزم کیا ہے کہ لوگوں کے لیے 20 لاکھ گھر بنائیں گے۔

متعلقہ خبریں