احتجاج اور ہنگامہ آرائی میں فرق ہوتا ہے، پوجا بھٹ کا پٹھان کے خلاف بجرنگ دل کی پرتشدد مہم پر جواب
ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ و فلمساز پوجا بھٹ کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی اور احتجاج میں فرق ہوتا ہے۔انہوں نے یہ بات اپنے ٹوئٹر پر لوگوں کو بجرنگ دل کی جانب سے احتجاج کے دوران احمد آباد شہر کے ایک مال میں لگے شاہ رخ خان اور دیپکا پڈوکون کی آئندہ آنے والی فلم پٹھان کے پوسٹرز کی توڑ پھوڑ پر مبنی ایک آن لائن پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ احمد آباد میں ہوا وہ بالکل ایک بلوے جیسا تھا۔یاد رہے کہ فلم پٹھان 25 جنوری کو تھیٹر پر ریلیز ہوگی۔
بھارتی میڈیا نے بجرنگ دل کی یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ بجرنگ دل کے کارکن شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کے خلاف احتجاج کے دوران احمد آباد کے کرناوتی علاقے کے مال پر لگے پروموشنل پوسٹر پر احتجاج کررہے ہیں۔
میڈیا کے اس ویڈیو شیئر کا جواب دیتے ہوئے پوجا بھٹ نے کہا کہ احتجاج اختلاف رائے پر مبنی ایک منظم پبلک مظاہرہ ہوتا ہے، لیکن بلوہ امن خراب کرنے کے لیے جمع ہونے والے لوگوں کا مشترکہ مقصد پر مبنی اجتماع ہوتا ہے اور یہ پرتشدد انداز میں لوگوں کو دہشت زدہ کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔