تحفظات کے باوجود انتخابات لڑنے کیلئے تیار ہیں: ریحان ہاشمی
کراچی (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ریحان ہاشمی کا کہنا ہے کہ تحفظات کے باوجود انتخابات لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ریحان ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات تاخیر سے اور بہت ساری خامیوں کے ساتھ ہو رہے ہیں۔
یہ بات سن کر ایک صحافی نے سوال کیا کہ اگر انتخابات وقت پر ہوتے ہیں تو ایم کیو ایم پاکستان انتخابات لڑنے کے لیے تیار ہے؟ریحان ہاشمی نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ ایم کیو ایم تحفظات کے باوجود انتخابات لڑنے کے لیے تیار ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل تحفظات دور نہ کرنے پر ایم کیو ایم نے حکومت سے علیحدگی کا کہا تھا تو کیا اب علیحدہ ہو رہے ہیں؟
ریحان ہاشمی نے جواب دیا کہ حکومت سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں، اٹھارہویں ترمیم کے بعد یہ صوبائی معاملہ ہے اور صوبائی حکومت نے بھی اپنے ہاتھ جھاڑ لیے ہیں۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اس لیے ابھی یہ فیصلہ کرنا قبل از وقت ہے، ہم صوبائی حکومت کی غلطی کی سزا وفاقی حکومت کو نہیں دے سکتے۔