مونس الہٰی کے دوست گھر پہنچ گئے
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی کے قریبی دوست احمد فاران خان کو رات گئے دو گاڑیاں گھر کے باہر چھوڑ گئیں۔مونس الہٰی کے دوست احمد فاران کی واپسی کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔
احمد فاران خان لاہور ہائیکورٹ میں پیش
لاہور ہائی کورٹ میں مونس الہٰی کے دوست احمد فاران خان کی بازیابی کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی۔سی سی پی او لاہور نے احمد فاران خان کو لاہور ہائی کورٹ میں پیش کر دیا۔لاہور ہائی کورٹ نے احمد فاران خان کی بازیابی پر درخواست نمٹا دی۔
کہیں نہیں، فیملی کیساتھ تھا، فاران کا صحافی کو جواب
عدالت کے باہر صحافی نے فاران احمد خان سے سوال کیا کہ آپ 4 روز سے کہاں تھے؟فاران خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کہیں نہیں، ادھر ہی تھا، فیملی کے ساتھ تھا۔صحافی نے پھر سوال کیا کہ آپ کے چہرے پر نشان کیسا ہے۔
فاران خان نے صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ نشان گاڑی کا دروازہ لگنے سے آیا۔واضح رہے کہ احمد فاران خان 4 روز قبل گارڈن ٹاؤن سے لاپتہ ہوئے تھے، لاہور ہائی کورٹ نے واقعے کا نوٹس لے کر سی سی پی او لاہور کو ان کی بازیابی کا حکم دیا تھا۔
احمد فاران کی بازیابی کے لیے درخواست اس کے بھائی سلمان ظہیر نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی تھی۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے بیٹے مونس الہٰی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کہا تھا کہ میرے ایک دوست کو کچھ لوگوں نے لاہور سے 2 گاڑیوں میں اٹھا لیا ہے۔
مونس الہٰی نے کہا تھا کہ ایف آئی اے والے قسمیں کھاتے ہیں انہوں نے نہیں اٹھایا۔