ہر بار مردم شماری میں ہمارے ساتھ مذاق ہوا، ڈاکٹر فاروق ستار


کراچی (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ہر بار مردم شماری میں ہمارے ساتھ مذاق ہوا، الیکشن کمیشن اور عدلیہ کو اب انصاف کرنا ہوگا۔انہوں نے کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کا گٹھ جوڑ سامنے آگیا ہے، ہمیں متحد ہوکر اس شہر کے لیے کام کرنا ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ہر بار مردم شماری میں ہمارے ساتھ مذاق ہوا، ہمیں ایک پاکستانی شہری کا حق نہیں دیا گیا، ہمیں ووٹ دینے کےحق سے روکا گیا، الیکشن لڑنے کے حق سے روکا گیا، الیکشن کمیشن اور عدلیہ کو اب انصاف کرنا ہوگا۔ان کا کہنا ہے کہ کہیں 90 ہزار کا حلقہ ہے تو کہیں 15 ہزار کا حلقہ ہے، کراچی کو سندھ کےوڈیروں کی کالونی بنانا ہے،ایسا ہرگز ہونے نہیں دیں گے۔
ڈاکڑ فاروق ستار نے کہا کہ جاگیرداروں اور وڈیروں کےتسلط کو مستحکم کرنےکی سازش ہورہی ہے، وڈیروں جاگیرداروں کےخلاف جدوجہد جاری رہےگی، جاگیر داروں نے آٹے پر قبضہ کیا، یہ احتجاجی مظاہرہ آٹے کی مصنوعی قلت کے خلاف بھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سال کرکٹ اور سرفراز کی بحالی کے ساتھ ساتھ ایم کیو ایم کی بحالی کا سال بھی ہے۔
خیال رہے کہ آج دوہپر 1 بجے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیراہتمام غیر منصفانہ حلقہ بندیوں کے خلاف الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، پی ایس پی کے اہم رہنما اور اراکین رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم خطاب کر رہے ہیں۔