وزیر اعلیٰ سندھ کی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف اہم ہدایات
کراچی (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی اور قیمتیں کنٹرول کرنے سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر خود جانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ ضلع میں اشیاء کی قیمتوں کی نگرانی کرنے اور پرائس کنٹرول کے لیے خصوصی فورس قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز ڈپارٹمنٹ کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔مراد علی شاہ نے دکانوں، اسٹالز اور بازاروں پر پرائس لسٹ آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو پریشان کرنا ہمارا مقصد نہیں لیکن قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے، طے شدہ ایس او پیز کے مطابق اشیاء کی قیمتوں کی جانچ پڑتال کی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں سبزیوں اور پھل کے داموں کی فہرست چیک کروں گا۔وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کا بتانا ہے کہ سید مراد علی شاہ نے آج خود سبزیوں اور پھلوں کی فہرست کا جائزہ بھی لیا۔