پاکستان

لوگوں کو نامعلوم کالز پر ایک خاص طرف بھیجا جارہا ہے: قاسم سوری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کا کہنا ہے کہ لوگوں کو نامعلوم کالز پر ایک خاص طرف بھیجا جا رہا ہے۔قاسم سوری ایف آئی اے نوٹس چیلنج کرنے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے، اس موقع پر عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے بھی کہا کہ لوگوں کو پیپلز پارٹی کی طرف بھیجا جا رہا ہے، رجیم چینج کے بعد جس طرح کیسز بنائے گئے پہلے کبھی نہیں بنائے گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ توہینِ رسالت، توشہ خانہ اور دہشت گردی کے مقدمے کروائے جا رہے ہیں، اس ظلم کو ختم ہونا چاہیے، ہر سطح پر عدالت میں جائیں گے، کوئی بھی کیس ہو، ایف آئی اے دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔قاسم سوری کا کہنا ہے کہ 10 اپریل کو پہلی مرتبہ کسی جاتی ہوئی حکومت کے لیے عوام سڑکوں پر نکلے ہیں، پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا کہا وہ کر دی اور اس سے قبل ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی جیتی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی ہوئی، ٹھپے لگاتے ہوئے بیلٹ پیپرز پکڑے گئے، یہ الیکشن کمیشن کی نااہلی ہے، پی ٹی آئی کراچی سمیت ملک بھر میں مقبول ترین جماعت ہے۔سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 9 ماہ میں انہوں نے اپنی 1100 ارب کی چوریاں بچائیں اور عوام پر مہنگائی اور ٹیکسز کے پہاڑ توڑے، لوگ بجلی کے بل نہیں دے سکتے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے پس پیسے نہیں، بے روزگاری بڑھ رہی ہے، ملک دیوالیہ ہونے جا رہا ہے، بلوچستان کا مزاج سیاست میں بالکل مختلف ہے۔سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سب سے بلوچستان میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، جمہوریت کو پھلنے پھولنے دینا چاہیے، جب تک لوگوں کو موقع نہیں دیں گے جمہوریت آگے نہیں جا سکتی۔
قاسم سوری کی ہائیکورٹ میں درخواست
دوسری جانب سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری ایف آئی اے کی طرف سے نوٹس کو چیلنج کرنے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔انہوں نے نعیم حیدر پنجوتھہ ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
اس موقع پر قاسم سوری نے درخواست دائر کرنے کے لیے بائیو میٹرک تصدیق بھی کروائی۔

متعلقہ خبریں