پی ٹی آئی نے ہماری غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے: حافظ نعیم الرحمٰن
کراچی (قدرت روزنامہ)امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہماری غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فون کر کے تحفظات کا پوچھا ہے، شاہ صاحب نے فون کیا تو ان کو بتایا ہمارا مسئلہ ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے کہا ہے کہ نتائج کے مسئلے کو حل کریں، انہیں بتایا ہے کہ ہمارے پاس رزلٹ موجود ہیں، جو رزلٹ موجود ہیں انہیں جاری ہونا چاہیے۔ان کا کہنا ہے کہ بات چیت کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، بات چیت ہوتی ہے لیکن مسائل بھی حل ہونا چاہئیں، 3 سیٹوں کے آر او کے رزلٹ الیکشن کمیشن اپ ڈیٹ نہیں کر رہا۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ سب دوستوں سے بات چیت ہوتی رہتی ہے، وزیرِ اعلیٰ سندھ سے ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کرنے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رزلٹ موجود ہیں ہمارے پاس، انہیں تبدیل نہیں کیا جا سکتا، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میں اپنی پارٹی والوں سے کہتا ہوں کہ مسئلے کو حل کریں۔جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کا یہ بھی کہنا ہے کہ بات چیت کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں، پہلے بھی دھرنے میں بات کی تھی۔