پاکستان

عمران خان کا شوکت خانم اسپتال کے فنڈز کی نجی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے شوکت خانم کے فنڈز کی نجی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف کیا ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف دس ارب روپے کے ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور زمان پارک سے عدالت میں پیش ہوئے۔
کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج امید علی بلوچ نے کی۔ خواجہ آصف کے وکیل حیدر رسول مرزا عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عمران خان کے وکیل نعمان فاروقی بھی عدالت میں موجود رہے۔ زمان پارک میں خواجہ آصف کے ایک اور وکیل علی شاہ گیلانی بھی موجود رہے جب کہ عمران خان کے دیگر وکلا بھی زمان پارک میں ان کے ہمراہ موجود رہے۔
خواجہ آصف کے وکیل بیرسٹر حیدر رسول نے عدالت میں رہتے ہوئے عمران خان سے ویڈیو لنک کے ذریعے جرح کی اور عمران خان سے شوکت خانم کی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری سے متعلق سوالات کیے۔ عمران خان نے شوکت خانم کے فنڈز کی نجی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرمایہ کاری کا اعتراف کرلیا۔
عمران خان نے بتایا کہ شوکت خانم کے بورڈ کی جانب سے مجھے اس حوالے سے بتایا گیا تھا، اس وقت یاد نہیں کہ ہاؤسنگ پراجیکٹ کا نام کیا تھا۔وکیل نے سوال کیا کہ کیا آپ کو بورڈ کی طرف سے اس حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا تھا؟ جس پر عمران خان نے کہا کہ اس وقت یاد نہیں کہ تحریری طور پر کیا تھا یا نہیں، جو تین ملین ڈالرز تھے وہ بورڈ ممبر کی جانب سے واپس جمع کرا دیئے گئے تھے تو معاملہ ختم ہوگیا۔
وکیل خواجہ آصف نے کہا کہ معاملہ ختم نہیں، معاملہ تو وہیں سے شروع ہوتا ہے، جب 3 ملین کی سرمایہ کاری کی گئی اس وقت ڈالر کا ریٹ 60 روپے تھا، جب واپس آئے تو 120 روپے تھا۔
عمران خان نے ہنستے ہوئے وکیل سے کہا کہ آپ ادھر ادھر کے سوال کرنے کے بجائے سچ پر آئیں تو معاملہ جلدی ختم ہو سکتا ہے جس پر خواجہ آصف کے وکیل نے کہا کہ آئندہ سماعت پر صرف 2 گھنٹے میں جرح مکمل کرلوں گا۔ عمران خان نے کہا کہ آئندہ سماعت کی تاریخ شیڈول سے دیکھ کر آگاہ کردوں گا۔بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں