یورپی حکومتیں قرآن کی بے حرمتی کے واقعات کا سدباب کریں؛ سعودی عرب
ریاض(قدرت روزنامہ) سعودی عرب نے سویڈن میں قرآنِ پاک کی بار بار بے حرمتی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے یورپی ممالک سے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے والی سرگرمیوں کے سدباب کا مطالبہ کیا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ اجلاس میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسا مکروہ عمل ناقابل قبول ہے۔
کابینہ اجلاس کے اعلامیے میں سعودی عرب کے غیرمتزلزل مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں متعدد یورپی ممالک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہیں۔
اعلامیے میں یورپی ممالک کی حکومتوں پر دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والی سرگرمیوں کا سدباب کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسے واقعات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل آزاری ہوتی ہے اور مسلم امہ میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔واضح رہے کہ سویڈن میں دائیں بازو کی انتہا پسند جماعت کے رہنما نے دو بار قرآن پاک کو جلانے کی جسارت کی ہے۔