سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی شادی کی تاریخ سامنے آگئی


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف جوڑی اداکار سدھارتھ ملہوترا اور اداکارہ کیارا ایڈوانی اپنی شادی کے حوالے سے پچھلے کچھ عرصے سے بھارتی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی نے اپنے تعلقات کو کافی عرصے تک خفیہ رکھا لیکن کرن جوہر کے مشہور شو ’کافی ود کرن‘ کے سیزن 7 میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ دونوں اداکار صرف ایک دوسرے کے اچھے دوست نہیں بلکہ ان کا تعلق دوستی سے زیادہ گہرا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، یہ جوڑی اگلے ہفتے 6 فروری کو راجھستان کے شہر جیسلمیر میں فائیو اسٹار ہوٹل سوریا گڑھ میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی ہے۔رپورٹ میں ایک ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس شادی کی تقریبات جیسے کہ مہندی، ہلدی اور سنگیت 4 اور 5 فروری کو ہوں گی جبکہ شادی 6 فروری کو ہوگی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سدھارتھ اور کیارا کو سوریا گڑھ ہوٹل بہت پسند ہے اس لیے وہ یہیں پر اپنی شادی کی تقریب منعقد کرنے کے خواہشمند تھے۔مہمان اس شادی میں شرکت کرنے کے لیے دو دن پہلے سے راجھستان پہنچنا شروع کریں گے اور پرتعیش ولاز میں ٹھہریں گے۔