سندھ، بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
کراچی(قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ جنوبی سندھ اور شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ہے،جس کے سبب تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔
سندھ کے کئی شہروں میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد بھی گرمی کی شدت برقرار ہے ، ہوا کے دباؤ کے زیر اثر سندھ اور شمالی بلوچستان میں تیزہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے دباؤ کے زیر اثر کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور جامشورو ڈسٹرکٹ میں بارش متوقع ہے، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، لاڑکانہ ، سکھر، جیکب آباد اور دیگر اضلاع میں 4 ستمبر تک بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ صوبہ بلوچستان کے بیشتراضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا تاہم کوہلو، بارکھان، ژوب اور گرد و نواح میں بادل برس سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔