اگر ہمیں حقوق نہ ملے تو عدالتوں میں جائیں گے، شہباز گل
لاہور (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ اگر ہمیں حقوق نہ ملے تو عدالتوں میں جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی قیادت میں پرامن احتجاج کیے ہیں لیکن ہم نے کبھی بدلہ لینے کی سیاست نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی قیدی ہو اسکے کچھ حقوق ہوتے ہیں، ہمارے لیے تکلیف کی بات ہے کہ ہمارے رہنماؤں اور کارکنان پر ظلم کیا جارہا ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہم نے اپنے صوبوں میں اپنی حکومت ختم کی کہ عوام فیصلہ کر سکیں لیکن یہ لوگ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک کا آغاز ہوچکا ہے، سینکڑوں کارکنان گرفتاری دے رہے ہیں جبکہ شاہ محمود قریشی,اسد عمر اور دیگر رہنماؤں نے بھی کل گرفتاری دی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسا تو کبھی دشمنوں کے ساتھ نہیں ہوا جو ہمارے ساتھ ہورہا ہے، گرفتار رہنماؤں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے، گرفتار رہنماؤں کو شہروں کے چکر لگوائے جارہے ہیں جبکہ ہمارے گرفتار کارکنان کو واش روم تک نہیں دیا جارہا۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ یہاں لوگوں کے حقوق پامال کیے جارہے ہیں، آئین کہتا ہے کہ اسمبلی جب تحلیل ہو تو 90 دن کے اندر الیکشن ہوں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ اخلاقی ،آئینی،معاشرتی طور پر غلط ہے، مریم نواز نے معزز ججز کو برا بھلا کہا اور ان پر الزامات لگائے جبکہ سزائیں اشرافیہ کو نہیں صرف مڈل کلاس کے افراد کو ملتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ طلال چودھری کو بھی اسی لئے سزا ملی کہ وہ مڈل کلاس سے تعلق رکھتے تھے، آج شہزادی نے تصاویر دکھائیں اور ججز پر الزامات لگائے لیکن انہیں سزا نہیں دی جائے گی۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اور عوام کو سمجھنا ہوگا ، عمران خان اشرافیہ نہیں عوام کا نمائندہ ہے اور اگر ہمیں حقوق نہ ملے تو عدالتوں میں جائیں گے۔