ملک بھر میں 24 کروڑ سے زائد درخت لگائے جائیں گے، شیری رحمٰن


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ آج وفاقی حکومت نے شجر کاری مہم کا آغاز کیا ہے، ملک بھر میں 24 کروڑ سے زائد درخت لگائے جائیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیری رحمٰن نے کہا کہ جنگلات میں اضافہ اور جنگلات کا تحفظ ہر شہری، متعلقہ ادارے کا فرض ہے، ہم نے جنگلات میں آگ کے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام صوبوں، وفاقی علاقوں کو ایس او پیز بھیجے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کا مقصد جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام اور پیشگی اقدامات کرنا ہے، ہر سال گرم اور خشک موسم کی وجہ سے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات پیش آتے ہیں، گزشتہ سال بلوچستان میں چلغوزے کے جنگلات، مارگلہ، سوات، دیگر کئی مقامات میں آگ کے واقعات پیش آئے۔


وفاقی وزیر کا کہنا کہ جنگلات ہمارا اثاثہ اور ماحولیاتی سرمایہ ہیں، آگ کے واقعات کی روک تھام کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں، مارگلہ میں آگ کے واقعات کی روک تھام کے لیے کنٹرول روم اور ہیلپ لائن کو متحرک کرنے کا کہا گیا ہے۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ آگ کے واقعات میں ملوث افراد اور مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔