جیل بھرو تحریک کے روحِ رواں عدالت میں حاضر ہوں: حافظ حمد اللّٰہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔حافظ حمد اللّٰہ نے عمران خان کو للکارتے ہوئے کہا کہ جیل بھرو تحریک کے روح رواں اور امریکا کو للکار نے والے مردِ مجاہد عدالت میں حاضر ہوں، اگر دامن صاف ہے، گھڑی چور نہیں کی تو خود کو قانون کے حوالے کرو۔
اُنہوں نے کہا کہ گرفتاری سے بچنے کے لیے خواتین اور کارکنوں کو عمران خان نے ڈھال بنایا ہے، قانون پر عمل داری کا بھاشن دینے والا قانون سے بھاگ رہا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ زمان پارک بنکر میں چپھنے سے تم نیلسن منڈیلا نہیں، بزدل اور ڈرپوک لیڈر ثابت ہوئے، اگر یہ بدمعاشی اور غنڈہ گردی عام آدمی کرتا تو ان کو گھسیٹ گھسیٹ کے گرفتار کیا جاتا۔
حافظ حمد اللّٰہ نے سوال کیا کہ عمران خان کہاں ہے آپ کا ایک پاکستان اور ایک قانون کا دعویٰ؟ آپ کا یہ کردار قانون سے کھلی بغاوت اور فساد ہے، تم قانون سے بالاتر نہیں۔اُنہوں نے سوال کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ٹائیگر کس بنیاد پر کہتے ہیں کہ خان بہادر ہیں؟ آج انقلابی خان نے بزدلی کی ایک مثالی تاریخ رقم کی ہے۔