نا اہل حکمرانوں نے پاکستان کو بستر مرگ تک پہنچا دیا: سراج الحق
کوئٹہ (قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی شاہانہ طرز زندگی کے باعث ملک غریب سے غریب تر ہوتا جا رہا ہے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں نے پاکستان کو بستر مرگ تک پہنچا دیا، انہوں نے پاکستانیوں سے من و سلوہ کے وعدے کئے لیکن عوام نان شبینہ کے بھی محتاج ہیں، حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 45 فیصد سے بڑھ گئی۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پاکستان کا موجودہ نظام اور حکمران ناکام ہو گئے، معیشت تباہ، امن و امان کا نظام بہتر نہیں، حکومت سے پہلے پی ڈی ایم میں شامل پیپلز پارٹی اور جمعیت مہنگائی کے خلاف سراپا احتجاج تھے، حکومت میں آنے کے بعد بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمٰن خاموش ہو گئے۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں آئی ایم ایف ناک پر لکیر کھینچنے کو کہتے ہیں، معیشت تباہ لیکن ملک کے حکمرانوں کی شاہ خرچیاں عروج پر ہیں، اگر پاکستان غریب ملک ہے تو گورنر ہاؤسز کو ختم کر دینا چائیے۔