سندھ

عمران خان کی ممکنہ گرفتاری؛ تحریک انصاف کا مختلف شہروں میں احتجاج


کراچی(قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی لاہور میں ممکنہ گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج شروع کردیا۔منگل کو لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کیلئے زمان پارک پر پولیس کے چھاپے کیخلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملک بھر میں شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
تحریک انصاف کے کارکنوں نے کراچی میں مختلف مقامقات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور ٹریفک بلاک کردیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔داؤد چورنگی، کیماڑی، لیاری نیٹی جیٹی، حب ریور روڈ، باچاخان چوک بنارس پر کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔ شام کے اوقات میں دفاتر سے نکلنے والے شہری سڑکوں پر خوار ہوتے رہے۔
ضلع سینٹرل میں بورڈ آفس، 4 کے چورنگی، ضلع شرقی میں راشد منہاس روڈ، سہراب گوٹھ اور ضلع ساؤتھ میں شاہین کمپلیکس، تین تلوار پر احتجاج کیا جارہا ہے۔پشاور میں پی ٹی آئی کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے جمع ہوکر احتجاج کیا بعد ازاں اسمبلی چور کی طرف روانہ ہوگئے۔ راولپنڈی میں پی ٹی آئی مظاہرین شیخ راشد شفیق اور عمر تنویر بٹ کی قیادت میں کمیٹی چوک پہنچ گئے۔
گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے کارکنوں کو احتجاج کیلئے گوندلانوالہ چوک پہنچنے کی ہدایت کردی۔ لکی مروت میں پی ٹی آئی کارکنان نے انڈس ہائی وے کو گنڈی چوک پر بند کر دیا۔

متعلقہ خبریں