حکومت نے بجلی 3 روپے23 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کردی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے بجلی پر سر چارج تین روپے 23 پیسے فی یونٹ تک بڑھانے کی درخواست کردی ، صارفین پر 335 ارب روپےکا اضافی بوجھ پڑےگا۔چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت سرچارج میں اضافے کے لیے وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
حکومت کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ ایک روپے 43 پیسے فی یونٹ سرچارج سے ضرورت پوری نہیں ہوسکتی، سرچارج 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ تک بڑھایا جائے۔ ممبر نیپرا خیبرپختونخوا مقصود انور نےکہا کہ یہ معاملہ کہاں تک جائےگا،کل مزید سرچارج بڑھانےکے لیے درخواست لے آئیں گے۔چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ عوام کو کوئی سکون کا سانس لینے دیں۔
پاور ڈویژن کے حکام نے کہا کہ گردشی قرض تیزی سے بڑھ رہا ہے، یہ سرچارج لگا کر بھی گردشی قرض میں کمی نہیں آئے گی، جس پر ممبر نیپرا سندھ رفیق شیخ پاور ڈویژن حکام پر برس پڑے۔انہوں نے کہا کہ ڈسکوز کی ناقص کارکردگی کی سزا عوام کو کیوں ملے، عوام کوبوجھ تلے دبا دیا، بجلی کمپنیوں کی خرابیوں کو دور کریں، ہم صارفین کے حقوق کے بھی محافظ ہیں۔
صارفین پر 335 ارب روپےکا اضافی بوجھ ڈالنے کی درخواست کی سماعت مکمل ہوگئی، نیپرا اعداد وشمار کا جائزہ لے کر فیصلہ جاری کرےگی، اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔