زمان پارک آپریشن؛ مریم نواز، رانا ثنا و دیگر کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست
لاہور(قدرت روزنامہ) پی ٹی آئی کی جانب سے زمان پارک پولیس آپریشن کے تناظر میں مریم نواز، رانا ثنا و دیگر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں پولیس کی جانب سے کیے گئے آپریشن پر مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، آئی جی پنجاب، سی سی پی او سمیت دیگر کے خلاف تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔
دوسری جانب تھانہ ریس کورس پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا ہے، جس پر درخواست گزار نے سیشن عدالت میں 22 اے اور 22 بی کی درخواست دائر کردی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب نے زمان پارک آپریشن مریم نواز اور رانا ثنااللہ کے حکم پر کیا ۔ زمان پارک آپریشن کر کے چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو واقعے پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔ عدالت مریم نواز، رانا ثنااللہ سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے ۔